اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت سابق چئیرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری ریفرنس میں سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی نے بھی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت درخواست دائر کردی، عدالت نے جواب کیلئے نیب کو نوٹس جاری کر دیئے۔
سماعت کے دوران راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے علاوہ سابق سیکرٹری سکندر حیات میکن، جاوید نذیر، شوکت حیات درانی نے بھی نیب ریفرنس چیلنج کرتے ہوئے ریفرنس خارج کر کے کرپشن ریفرنس سے بری کرنے کی استدعا کردی، درخواست میں کہا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت کیس احتساب عدالت کا نہیں بنتا، ریفرنس خارج کر کے کیس سے بری کیا جائے۔
عدالت نے جواب کیلئے نیب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 19نومبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ مبینہ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت چھ ملزمان نامزد ہیں جن پر خلاف قانون اور میرٹ سے ہٹ کر توقیر صادق کو چئیرمین اوگرا تعینات کرنے کا الزام ہے۔