لاہور: (دنیا نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے حکومتی رویے پر شدید ناراضگی کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں یہ نہیں نبھا رہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی سربراہی میں کل شام طلب کر لیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ کل جاری کیا جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ تین سال سے ہم انہیں وفاق اور صوبے میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلع میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔
سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ حکومت کو یاد دلانے کیلئے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے، کیا حکمران بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر ان کو کامیابی ملی، حکمران یہ بھی بھول گئے کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کیلئے بھی نہیں آیا، پھر بھی سینیٹ کے مشکل ترین الیکشن میں ہم نے انہیں کامیابی کے ساتھ نکالا۔