نور مقدم قتل کیس، مقتولہ کی جان بچانے کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آ گئی

Published On 13 November,2021 10:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نور مقدم قتل کیس میں اہم موڑ سامنے آ گیا، مقتولہ کی ظاہرذاکرجعفرکے گھرداخل ہونے اور جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔

سی سی ٹی فوٹیج کے مطابق 18 جولائی رات 10 بج کر 19 منٹ پرنور مقدم ظاہر ذاکر جعفرکے گھر داخل ہوتی ہے۔ 19 جولائی کی صبح 2 بج کر 39 منٹ پر ظاہر جعفر اور نور مقدم سامان لیکر گھر سے باہر نکلتے ہیں۔

19 جولائی کو ہی صبح 2 بج کر 41 منٹ پر نور مقدم ننگے پاؤں گھر سے باہر بھاگتی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے نورمقدم ظاہر جعفر سے معافیاں مانگ رہی ہوتی ہے۔ 19 جولائی کو ہی ظاہر جعفر اور نور مقدم 2 بج کر 46 منٹ پر گاڑی میں بیٹھ کر باہر جاتے ہیں۔ 2 بج کر 51 منٹ پر دونوں سامان سمیت گھر واپس آجاتے ہیں۔

20 جولائی کو شام 7 بج کر 11 منٹ پر نور مقدم جان بچانے کے لیے کھڑکی سے چھلانگ لگاتی ہے۔ گھرکے دوسری سائیڈ سے ظاہر جعفر کو بھی چھلانگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

نور مقدم باہر جانے کی کوشش کرتی ہے لیکن مالی اسے باہر نہیں جانے دیتا جبکہ چوکیدار بیسمنٹ میں چلا جاتا ہے۔ نور مقدم کو گھسیٹے ہوئے ظاہر جعفر گھر کے اندر لے جاتا ہے۔

نور مقدم کے چھلانگ لگانے سے لیکر گھر تک جاتے ہوئے گھر کے باہر ایک شخص سب کچھ دیکھ رہا ہوتاہے۔ ویڈیو میں کالے رنگ کے کتے کوبھی دیکھا جا سکتا ہے۔

Advertisement