سبز باغ دکھا کر عمران صاحب نے قوم کو دوبارہ قطاروں میں کھڑا کر دیا: مریم اورنگزیب

Published On 25 November,2021 10:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کی اذیت، پٹرول، گیس کی قطاروں سے نجات دلائی، سبز باغ دکھا کر عمران صاحب نے قوم کو دوبارہ قطاروں میں کھڑا کر دیا۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آٹا، چینی تو کہیں گیس، پٹرول اور بے روزگاروں کی قطاریں ہیں، ہر طرف نئے پاکستان کے اذیت ناک مناظر ہیں۔

 دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات ہیں، ملک میں گیس کا بحران عمران نیازی کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطاروں میں کھڑے عوام آج نوازشریف اور پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کر رہے ہیں، ظالم حکمرانوں کی بے حسی غریبوں کے زخموں پر نمک ہے، پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کے لئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نئے سال پر گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے کا نیا بم قوم پر گرنے والا ہے، یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی، آئندہ ماہ 1400 سے بڑھا کر 1700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ کرنے کی تیاری قوم کو زبحہ کرنے کے مترادف ہے، گیس کے بعد چینی کا بحران پھر سے سر اٹھا رہا ہے، پہلے ہی 52 روپے والی چینی 130 اور 150 تک مل رہی ہے۔

Advertisement