سندھ ہائی کورٹ: آغا سراج سمیت ملزمان کی 10 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور

Published On 30 November,2021 02:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لیاری میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت دیگر ملزمان کی 10 دن کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

سماعت کے موقع پر آغا سراج درانی عدالت میں پیش نہیں ہوئے،جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزمان کہاں ہیں، پیش کیوں نہیں ہوئے ؟ ضمانت کی درخواست میں ملزمان کو پیش ہونا لازمی ہوتا ہے۔

وکیل ملزم نے عدالت کو بتایا کہ اثاثہ جات ریفرنس میں آغا سراج کی سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائر ہو چکی ہے، جاوید ناگوری کی طبعیت خراب ہے اس لیے آج پیش نہیں ہوسکے۔

عدالت نے غیرقانونی بھرتی کیس میں آغا سراج درانی و دیگر ملزمان کی10 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

اثاثہ جات ریفرنس میں سندھ ہائیکورٹ نے آغا سراج درانی کی ضمانت مسترد کی تھی، مذکورہ ریفرنس میں سپیکر سندھ اسمبلی ایک ماہ سے زائد عرصے سے مفرور ہیں، نیب ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔