اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ کا بائیکاٹ افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ سات دہائیوں میں پہلی بار کوئی حکومت اپنی سکیورٹی پالیسی پارلیمان کو پیش کر رہی ہے، یہ سیاسی معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، اپوزیشن اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، سنجیدگی سے اجلاس میں شرکت کرے۔
یاد رہے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں موجودہ متحدہ اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے بلائی جانے والی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کی اِن کیمرہ بریفنگ کے بائیکاٹ کا فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
مشاورت کے بعد متحدہ اپوزیشن نے اپنا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ 6 دسمبر 2021 کو حکومت کی جانب سے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں اِن کیمرہ بریفنگ دینے سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اِن کیمرہ اجلاس کو بریفنگ دیں گے۔
متحدہ اپوزیشن نے قرار دیا کہ حزب اختلاف میں شامل جماعتوں نے قومی سلامتی اور سنجیدہ قومی طرز عمل کا مظاہرہ کیا، متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بلز کو بلڈوز کرنے کے حکومتی روئیے کی بناء پر یہ بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔