اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سپورٹس میں بیٹھے مافیا کو ہٹایا جا رہا ہے، گزشتہ حکومتوں نے کھیلوں کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی، 18 ویں ترمیم کے باوجود ماضی کی حکومتوں نے کھیلوں کے شعبے پر توجہ نہیں دی۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے معاون خصوصی عثمان ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم مل جل کر سپورٹس کے شعبے کو آگے لے کر جائیں گے، کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، ملک بھر میں سپورٹس کمپلیکس کو متحرک کر رہے ہیں، یونیورسٹیوں کے طلباء ان کھیلوں میں شرکت کریں گے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو سپورٹس کے میدان میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے، پاکستان میں سپورٹس کلچر کو پروان چڑھایا جائے گا، 2 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، ایک لاکھ نوجوان فنی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔
عثمان ڈار نے کہا ہم سندھ کے نوجوانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، یونیورسٹی کرا چی میں فٹبال کی اکیڈمی بنائی جائے گی، ہر صوبے میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نیا ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کھیلوں کے شعبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔