پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم ایک روزہ دورے پر اسلام آباد سے پشاور پہنچ گئے۔ عمران خان وزیراعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیرِاعظم کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت مائیکرو ہیلتھ انشورنس پروگرام کا اجراء کریں گے۔ پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا کے 75 لاکھ خاندانوں کو 10 لاکھ روپے سالانہ مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیرِ اعظم پشاور میں احساس راشن رعایت پروگرام کی رجسٹریشن کے حوالے سے تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیرِ اعظم کو پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دینگی۔
وزیرِ اعظم ٹریڈر ایسوسی ایشن اور کریانہ الائینس سے ملاقات بھی کریں گے۔ عمران خان خیبرپختونخوا حکومت کے جامعہ مساجد کے آئمہ کرام کی مالی معاونت کے پروگرام کے تحت چیک بھی تقسیم کریں گے۔