پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا نصب العین ہے، خیبرپختونخوا میں دوسری بار کامیابی پر لوگ بہت حیران تھے، غربت کم ہونے پر صوبے میں دوتہائی اکثریت ملی، خیبرپختونخوا میں ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔
احساس راشن رعایت پروگرام کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہماری پہلی حکومت اتحادیوں کیساتھ بنی، دہشتگردی سے خیبرپختونخوا بہت زیادہ متاثر تھا، ہمارے دور میں خیبرپختونخوا میں غربت کم ہوئی، دوسرے الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی پر لوگوں کو بڑا تعجب ہوا، خیبرپختونخوا کے شعبہ صحت میں اصلاحات لائے، کام کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے معاملے پر ہم نے دنیا سے ہٹ کر فیصلے کیے، کورونا کے دوران لاک ڈاؤن نہ کرنے کا فیصلہ کیا، تنقید کی گئی کہ لاک ڈاؤن نہ کرنے پر عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارتی معیشت ابھی تک ریکور نہیں کر رہی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں سستا ترین ملک ہے، دنیا کے امیر ترین ممالک میں بھی ہیلتھ کوریج نہیں ہے، صحت کارڈ غریب اور سفید پوش دونوں کیلئے ہے، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں لوگوں کو صحت کارڈ ملے گا۔