گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی شاہ خرچیوں میں اضافہ

Published On 23 December,2021 07:28 pm

پشاور:(دنیا نیوز)گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی شاہ خرچیوں میں اضافہ ہو گیا ، اس سال 5 کروڑ روپے سے زائد خرچ کر دیئے۔

خیبرپختونخوا کے گورنرشاہ فرمان ،ان کے عملے اور گورنر ہاؤس میں اخراجات کا تخمینہ 5 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے ،گورنر ہاؤس کے بجلی ، گیس اور ٹیلی فون کے بلز میں 4 کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے ،اسی طرح گورنر نے تحفے و تحائف اور تفریح پر ایک کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد خرچ کر دئیے ہیں جبکہ اپنے صوابدیدی فنڈ سے بھی ایک کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے ہیں ۔

مالی سال 22-2021 کے دستایزات کے مطابق پچھلے سال گورنر ہاؤس کا بجٹ 25 کروڑ 40 لاکھ روپے تھا ،تاہم گورنر نے گذشتہ سال 25 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جبکہ اس مالی سال کے لئے گورنر ہاؤس کے اخراجات کے لئے 30 کروڑ روپے سے زائد منظور کے گئے ہیں جس میں 5 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔

دستاویزات کے مطابق گورنر ہاؤس کے بجلی ، گیس اور ٹیلی فون پر خرچہ تقریباً 4 کروڑ روپے سے بڑھ گیا ہے ،اس سال گورنر ہاؤس کے بجلی بل کی ادائیگی کے لئے 3 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ منظور کیا گیا ہے جبکہ پچھلے سال بجلی کے بل میں 2 کروڑ 62 لاکھ روپے جمع کرائے گئے ۔

اسی طرح گیس بل کے لئے پچھلے سال 60 لاکھ روپے رکھے گئے لیکن خرچ 87 لاکھ روپے ہوئے ،اس سال گیس بل کی ادائیگی کے لئے 90 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ،گورنر کے ہوائی سفر کے پٹرول اور ہوائی جہاز کے لئے 60 لاکھ روپے مختص کئے گئے لیکن سفری اخراجات پر 90 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔

دستاویزات کے مطابق گورنر نے تفریح اور تحائف دینے پر ایک کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کئے ،ملازمین کے الاؤنسز کے لئے 4 کروڑ روپے مختص کئے گئے ،گورنر ہاؤس کے لئے قریباً 69 لاکھ روپے کے نئے پودے خریدے گئے جبکہ ملازمین کی گاڑیوں کی مرمت پر 30 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے گئے۔
 

Advertisement