لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل انقلاب لانے کے لئے کوشاں ہےِ، نالج پارک میں جو دیوار سابقہ دور میں بنائی گئی اُس کا نام دیوار ن لیگ رکھ دیں گے۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز لاہور ٹیکنا پولس کا افتتاح کیا، یہ منصوبہ لاہور کو دنیا کے ٹیکنالوجی میپ پر لے جائے گا، نالج پارک گزشتہ حکومت نے شروع کیا مگر اسے عملی طور پر فعال بنائیں گے، پہلے یہ گرین لائن کا علامتی افتتاح کرنے پہنچ گئے، ن لیگ کا یہ حال ہے کھسیانی بلی کھمبا نوچے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا انقلاب لائیں گے، برآمدات نہ بڑھنے کی وجہ ماضی میں ٹیکنالوجی کے شعبے پر توجہ نہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب خیموں کی بات کرتے ہیں، سندھ میں ایسے ہی حالات ہوگئے کہ خیموں میں ہی رہنا پڑے گا۔