کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور پشین میں بارش

Published On 25 December,2021 10:55 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) مغربی ہواؤں سے بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، کان مہتر زئی، قلعہ سیف اللہ اور پشین میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران اور افغانستان کے راستے بلوچستان میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہونے سے صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو چکی ہے، کوئٹہ میں آج سارا دن بارلوں کا بسیرا رہا اور شام کے بعد بادل برسنا شروع ہو گئے۔

بارش کے آغاز کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی، کوئٹہ کے علاوہ پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، کان مہتر زئی، ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے نئے سسٹم میں زیارت، سبی، نوکنڈی، بارکھان ، لورالائی، خضدار، قلات سمیت صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جو آئندہ دو روز تک جاری رہے گا جن میں بارش اور کوئٹہ، زیارت، قلات سمیت صوبے کے پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی متوقع ہے۔
 

Advertisement