اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن نے احتجاج کے دوران شور شرابے کا ماحول بنائے رکھا۔ کورم کورم کے نعرے لگائے، اجلاس کی کاروائی نہ چل سکی، وقفہ سوالات کے آغاز میں ہی قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس ہوا، رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کی گئی، وقفہ سوالات کے آغاز میں ہی اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا، شور شرابہ کے دوران کورم کورم کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد ارکان کو بات کرنے کی اجازت دوں گا۔ کورم کورم کے نعروں کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔