اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ این سی او سی نے وہ کام کر دکھایا جس کا لوگ سوچ نہیں سکتے تھے، فخر ہے این سی او سی کے ساتھ کام کا موقع ملا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی میں کام کرنیوالی ٹیم زبردست ہے، این سی اوسی کی ساری ٹیم بہترین کام کر رہی ہے، کورونا سے بچاؤ کے لیے پوری قوم نے مل کر کام کیا، عوام کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن ضرور کرائیں، 30 سال سے زائد عمر افراد بوسٹر ڈوز لازمی لگوائیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 972 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 5 ہزار 707 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 649 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 48 ہزار 91، سندھ میں 4 لاکھ 87 ہزار 668، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 757، بلوچستان میں 33 ہزار 659، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 432، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 396 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 704 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 38 لاکھ 47 ہزار 572 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 2 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 58 ہزار 987 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 617 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 972 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 80، سندھ میں 7 ہزار 681، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 943، اسلام آباد میں 967، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 748 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔