لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے پاس نہ کوئی قانونی دلیل، ثبوت اور نہ ہی شرم ہے کہ قوم سے اپنے جھوٹ پر معافی مانگیں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نے اپنے آئیں بائیں شائیں کے پلندہ میں مریم نواز شریف کی درخواست میں بیان کردہ ایک نکتے، ایک واقعے اور ایک حقیقت کا بھی جواب موجود نہیں ہے جبکہ نیب عدالت پہلے ہی نواز شریف کے خلاف کرپشن کا ہر الزام مسترد کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے پاس نہ کوئی قانونی دلیل، ثبوت اور نہ ہی شرم ہے کہ قوم سے اپنے جھوٹ پر معافی مانگیں، معیشت کی تباہی پر جس طرح عمران صاحب کورونا کے پیچھے چھپ گئے، ویسے ہی اب ہائی کورٹ میں نیب کورونا کے پیچھے چھپ گیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے نیب نے کہا کہ مقدمے کی کارروائی روز چلائیں لیکن اب نیب کو کورونا ہوگیا، عمران صاحب اور ان کے ٹاؤٹ بہانے نہ بنائیں اور ثبوت لائیں۔