کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد سے بڑھ گئی۔ شہر قائد میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ضلع وسطی کے چار ٹاؤنز میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیاگیا ،اسلام آباد میں ہیلتھ حکام نے 13 علاقوں کی مزید 28 گلیوں میں نقل و حرکت پر پابندی لگانے کی تجویز دیدی ہے۔
کورونا کیسز میں اضافہ، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 41اعشاریہ تین دو تک پہنچ گئی ۔ سندھ بھر سے 3ہزار 359جبکہ کراچی سے 2ہزار 831کیسز رپورٹ ہوئے۔ شہر قائد میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ضلع وسطی کے چار ٹاؤنز میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیاگیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے چار ٹاؤنز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں پانچ فروری تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔
لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 14اعشاریہ چار فیصد ریکارڈ کی گئی ،مزید ایک ہزار 323کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہوگیا، ہیلتھ حکام نے 13 علاقوں کی مزید 28 گلیوں میں نقل و حرکت پر پابندی لگانے کی تجویز دیدی ۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں سے مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔ راولپنڈی سے 347 ، فیصل آباد 83، ملتان 32 اور رحیم یار خان سے کورونا کے 27کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔