لاہور: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چودھری شبیر جمیل نے مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے گوجرانوالہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چودھری شبیر جمیل نے ملاقات کی ، علامہ احسان الٰہی ظہیر کے نواسے ڈاکٹر سبیل اکرام اور حافظ سجاد بھی ملاقات میں موجود تھے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان سے ہی ہماری شناخت ہے، الزام تراشی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، سب کو مل کر ملکی مفاد کیلئے کام کرنا ہوگا، ملک کو موجودہ معاشی و سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے تمام جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ یاد رکھیں تاریخ کسی کو معاف نہیں کرے گی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے تمام سیاسی قائدین اپنے ذاتی مفادات بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی و بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر چودھری بشیر جمیل نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کے منشور کو لے کر چلنا ہی کامیابی کا راستہ ہے۔
اس دوران چودھری بشیر جمیل نے چودھری پرویزالٰہی کو گوجرانوالہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔