ٹانک: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے دیال روڈ ٹانک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران ایک خودکش حملہ آور مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ٹانک کے علاقے ڈیال روڈ پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران ایک خودکش حملہ آور مارا گیا، سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے سرپرستوں اور ساتھیوں کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ بلوچستان ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، گذشتہ روز سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کیا تھا، کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔ دہشت گردوں نے 2 فروری کو سکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سکیورٹی فورسز نے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔
گذشتہ روز جاری بیان کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے، ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی گذشتہ روز جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے ، 6 زخمی ہوئے۔