کوئٹہ میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 3 افراد شہید، 25 زخمی

Published On 02 March,2022 07:34 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکا کے باعث ڈی ایس پی سمیت تین افراد شہید ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر دھماکے میں کرائم برانچ کے ڈی ایس پی اجمل سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں پانچ افراد شدید زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ 

ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین کے مطابق فاطمہ جناح روڈ پر دھماکا دیسی ساختہ بم کا تھا، دھماکے میں ڈھائی سے تین کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، دھماکا پولیس موبائل کے گزرتے وقت ہوا۔ 

دھماکےمیں جاں بحق 3افرادکی لاشیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، دھماکے کے بعد قریبی دکانوں میں آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ 

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ کر مزید معلومات اکھٹی کر رہے ہیں، فاطمہ جناح روڈ اور اطراف کے راستوں کو آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ 

یاد رہے کہ 25 فروری کو کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت پولیس کے دو اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 23 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے 18 فروری کو بلوچستان کے علاقے بلیدا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

کوئٹہ میں 7 فروری کو سریاب روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم کے دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 2 فروری کو دہشت گردوں کی جانب سے نوشکی اور پنجگور میں واقع سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دو علیحدہ علیحدہ حملے کیے گئے تھے۔

Advertisement