'قانون کی بالادستی قائم کرنا بڑا چیلنج، مافیاز کیخلاف بڑی جنگ لڑ رہے ہیں'

Published On 07 March,2022 12:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی قائم کرنا بڑا چیلنج ہے، مافیاز کے خلاف بڑی جنگ لڑ رہے ہیں، چاہتے ہیں مہنگائی کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، وعدہ ہے ٹیکس بڑھنے پر مہنگائی سے متاثر طبقے کی مدد کریں گے، پاکستان ابھی بھی دنیا میں سستا ترین ملک ہے، پاکستان میں پٹرول پورے برصغیر سے سستا ہے، قوم ٹیکس نہ دیتی تو پٹرول اور بجلی پر سبسڈی نہ دے پاتے۔

وزیراعظم عمران خان نے احساس رعایت راشن اسکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کا درد رکھنے والا ہی فلاحی کام کرسکتا ہے، محروم طبقوں کی بہبود ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست مدینہ میں پیسہ نچلے طبقے پر خرچ کیا جاتا تھا، قانون کی بالادستی قائم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، کورونا کے بعد ہماری معیشت تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہوئی، دیہاڑی دار مزدور کو لاک ڈاؤن سے زیادہ نقصان پہنچا، خواتین کو تعلیم ملنے تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹیکس بڑھنے پر کمزور طبقے پر پوری توجہ دی جائے گی، مدینہ کی ریاست میں ٹیکس کا پیسہ کمزور طبقے پر لگایا جاتا تھا، چاہتے ہیں مہنگائی کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، غذائی قلت بھی بہت بڑا چیلنج ہے، ماضی میں کسی نے غذائی قلت پر توجہ نہیں دی۔