اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت عدم اعتماد کا جمہوری طریقے سے مقابلہ کرے گی، اپوزیشن کے پاس مستقبل کا کوئی منصوبہ نہیں یہ صرف عمران خان کو ہٹانا چاہتے ہیں، اگر ان کے نمبر پورے ہیں تو انہیں اسلام آباد میں اجتماع کرنے کی ضرورت کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا ن لیگ جدوجہد کر رہی ہے کہ بلاول وزیراعظم بن جائیں ؟ کیا پیپلزپارٹی جدوجہد کر رہی ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم بن جائیں ؟ تحریک عدم اعتماد وقتی بلبلا ہے جو ختم ہو جائے گا، سیف اللہ نیازی، شفقت محمود اور میں عدالت پیش ہوئے، سابق دور میں ہم پر بنائے گئے کیس میں طلب کیا گیا تھا، پی ٹی وی پر حملہ کرنے کا جھوٹا کیس بنایا گیا، آج پی ٹی وی حملہ کیس پر فیصلے کا دن ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پنجاب سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچا، لانگ مارچ کو پنجاب میں کہیں روکا نہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، پی ٹی آئی کے جلسوں میں عوام کا جذباتی لگاؤ اور جذبہ تھا، پی ٹی آئی دھرنا دینے نہیں آ رہی، عوام چیئرمین پی ٹی آئی کا نقطہ نظر سننے آ رہے ہیں، تحریک عدم اعتماد کا سامنا آئینی طریقے سے کریں گے، اپوزیشن کو اجتماع کی ضرورت کیوں پڑی ؟ اپوزیشن کے اجتماع سے ظاہر ہوتا ہے ان کے نمبرز پورے نہیں، پی ٹی آئی ستائیس مارچ کو پرامن جلسہ کرے گی۔