رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت 2 اپریل تک ملتوی

Published On 18 March,2022 01:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت میں شہباز شریف کے خلاف نیب کے دو جبکہ حمزہ شہباز کے خلاف ایک ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی جبکہ حمزہ شہباز کے وکیل نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں بریت کی درخواست پر دلائل دیئے۔ احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔

نیب نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کرا رکھا ہے۔ نیب نے شہباز شریف کی بریت کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے وکلا کو بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

دوسری جانب آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف کیس میں عدالت نے نیب کے دو گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے ۔عدالت نے دو اپریل کو وکلاء کو جرح کے لیے طلب کرلیا ۔عدالت شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر چکی ہے ۔