تمام قومی قیادت ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کو ختم کریں: چودھری شجاعت حسین

Published On 09 April,2022 05:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ تمام قومی سیاسی قیادت کی زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کو ختم کریں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان محب وطن ہیں، انہوں نے آئین و قانون کی پاسداری کا علم اٹھا رکھا ہے، تمام قومی سیاسی قیادت کی زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کو ختم کریں، الیکشن کمیشن بھی اقدامات کرے شاید عدالتوں کو بھی یہ ذمہ داری لینی پڑے ورنہ یہ رجحان اتنا بڑھ جائے گا کہ ساری الیکشن اصلاحات دھری کی دھری رہ جائیں گی۔

ق لیگی سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں ہارس ٹریڈنگ کا بھی ذکر کیا ہے، وہ آرٹیکل 63 اے پر بالکل صحیح موقف رکھتے ہیں، لوٹا کریسی روکنے کے بھی اقدامات کیے جائیں، روپے کے لین دین کی جو روش شروع ہو چکی ہے یہ سب سے زیادہ خطرناک ہے، شروع میں ہم ہزاروں لاکھوں کی بات سنتے تھے، پھر کروڑوں اور اب اربوں کی بات سنتے ہیں، اگر کوئی شخص کسی کا آلہ کار بن کر اربوں روپے لا کر ممبروں کو خریدنا شروع کر دے تو آدھے سے زیادہ ممبر خریدنے کا دعویٰ کر سکتا ہے، ایسے لوگ ملک کی خدمت کس منہ سے کر سکتے ہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے سیاسی حالات ایسے بنائے جا رہے ہیں جیسے ملک میں کوئی آئین ہی نہیں ہے، حالانکہ میرے خیال میں ایسی کوئی بات نہیں، آئین پاکستان ہی سپریم ہے، سب سیاسی جماعتوں کو قانون کے مطابق لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا، اس نازک صورتحال میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنا اپنا مثبت رول ادا کریں تاکہ سیاسی بحران ختم ہو سکے۔
 

Advertisement