بلاول نے مجھے مرد بنا دیا: شیریں مزاری پی پی چیئر مین پر برہم

Published On 09 April,2022 04:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے شکوہ کیا ہے کہ انہوں نے انہیں مرد بنا دیا ۔

یادرہے کہ اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شیریں مزاری موجود تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی تقریر ختم ہوئی تو حکومتی رہنما اسد عمر نے سپیکر سے استدعا کی کہ پوائنٹ آف پرسنل کلیریفکیشن کے لیے شیریں مزاری کو ایک منٹ دے دیں۔

اجازت ملتے ہی شیریں مزاری نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ بلاول بھٹو زرداری کو کم سے کم احترام سے بولنا چاہیے، انہوں نے مجھے مرد بنا دیا، بڑا افسوس ہے کہ انہیں مرد اور عورت کی پہچان ہونی چاہیے، یہ بدتمیزی ہوئی ہے، سپیکر صاحب ! مہربانی کرکے انہیں بتائیں کہ یہ ٹھیک کریں۔

 

شیریں مزاری نے تقریر میں کہا کہ مجھے آج احساس ہوا کہ کتنی آسانی سے امریکا کا پیسہ اور دھمکی غداروں کو اکٹھے ملا لیتی ہے، پاکستان بننے کے بعد سے ان کو عادت ہوگئی ہے کہ دھمکی دو اور پاکستان کے سیاست دان جھک جائیں گے۔

اپوزیشن کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ یہ ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے کی بات کررہے تھے، آج جپھی پپی کر رہے ہیں، شرم کی بات ہے۔ حکومت نے ان کو مراسلہ دکھانے کے لیے مدعوکیا لیکن یہ نہیں مانے اور بہانے بناتے رہے کیونکہ ان کو پتا ہے کہ اس میں کیا لکھا ہے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں تمام چیفس بیٹھے تھے، کیا آپ ان سب پر جھوٹ بولنے کا الزام لگا رہے ہیں؟ اس مراسلے میں واضح لکھا کہ عمران خان کو ہٹاؤ اور عدم اعتماد کو جتاؤ۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کی یہ روایت رہی ہے کہ جو ملک کمزور ہوگا اور اس ملک کے لیڈر کمزور ہوں گے وہ وہاں حکومت کی تبدیلی مانگیں گے اور ان کے لیڈروں کو خریدنے کی کوش کریں گے جیسے یہاں ہورہا ہے، انہوں نے ایران، عراق، لیبیا اور شام میں بھی یہی کیا، ابھی پچھلے دنوں جوبائیڈن نے ترکی اور روس کی دھمکی دی، اس ملک نے اقوام متحدہ میں بھی عراق کے معاملے پر جھوٹ بولا، آپ سب ذوالفقارعلی بھٹو کی کتاب پڑھیں اس میں یہ سب تفصیل سے لکھا ہے۔ وار آن ٹیرر کے وقت ہماری حکومت نہیں تھی، مشرف دور کے بعد 2 سویلین حکومتوں کے دوران 400 ڈرون حملے ہوئے، کسی نے مزاحمت نہیں کی، پھر یہ امریکا سے کس مضبوط تعلق کی بات کرتے ہیں، آپ جاکر امریکا سے بھیک مانگیں لیکن یہ قوم نہیں جھکے گی۔

شیریں مزاری نے کہا کہ اس مراسلے میں یہ واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ روس جانے کا فیصلہ وزیراعظم نے اکیلے کیا تھا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انہیں یہ تاثر کس نے دیا، انہوں نے کہا بس عمران خان کو ہٹا دو پھر ہم آپ کو معاف کردیں گے، امریکا کون ہوتا ہے ہمیں معاف کرنےوالا؟ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہمیں انتخابات میں 7 ماہ لگیں گے، آپ کی ذمہ داری ہے 3 ماہ میں انتخابات کروائیں، یہ سازش کا حصہ ہے، یہ نہیں چاہتے کہ صاف شفاف انتخابات ہوں۔