اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادہ مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ تسلیم کریں اب عمران خان وزیراعظم نہیں رہا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والد نے اس آئین، جمہوریت کے لیے گالیاں کھائی ہیں، آپ کہتے ہیں امریکی سازش ہے کس بنیاد پر یہ کہتے ہو، آپ کو چیمبرمیں کہا تھا آپ کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، اگر سپیکر آئین پر عملدرآمد نہیں کرائیں گے تو پھر کیا انارکی، خانہ جنگی کی طرف جانا چاہتے ہیں؟ ٹائم بتا دیں کس وقت آپ نے ووٹنگ کرانی ہے؟ سپیکرصاحب اپنے آپ اورکرسی کومشکوک نہ بنائیں۔
ایم ایم اے کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں صرف شہبازشریف کو دعوت آئی تھی، اپوزیشن ممبران کو بلانے والا دعوت نامہ دکھایا جائے، جناب اسپیکر! ہم آئینی حق مانگ رہے ہیں، آپ خط کا مقدمہ، رولنگ بھی ہار چکے ہیں، اب اور کوئی بہانہ نہیں چلے گا، آپ ہارچکے شکست کوتسلیم کرنا چاہیے۔
مولانا اسعد محمود کا کہنا تھا کہ جب اپوزیشن لیڈرنے پریس کانفرنس میں کہا خط پارلیمان میں پیش کریں، اب آپ کے پاس مینڈیٹ نہیں رہا خط کی وجہ سے پارلیمان کا وقت ضائع کریں، آپ اپنے اتحادی اور اپنے ممبران کا اعتماد کھوچکے ہیں، تسلیم کریں اب عمران خان وزیراعظم نہیں رہا، میری قیادت کودلیل سے شکست نہیں دیتے تو گالی دیتے ہیں، آپ آج بھی بھٹو، بی بی شہید کو گالی دیتے ہیں، ہم آئین، پارلیمان کی جنگ لڑرہے ہیں، نوازشریف، بینظیر کا ساتھ دینے والے آج کہہ رہے ہیں عمران بچائے گا پاکستان۔
انہوں نے کہا کہ ان کا شجرنصب اورمیرا شجرا نصب لایا جائے، ان کا شجرنصب فرہنگی کا ساتھ اور میرا فرہنگی کے خلاف لڑنے والا ہے۔