عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگایا: شیری رحمان

Published On 15 April,2022 11:39 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگایا، عمران خان نے ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔

رہنما پیپلزپارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل بہت سی چیزیں بے نقاب ہوئیں اور وضاحتیں آئیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کی نیوز بریفنگ کو ویلکم کرتے ہیں، مراسلے کو اپوزیشن کیساتھ جوڑا گیا کہ سازش کی گئی ہے، کہا گیا اپوزیشن نے عالمی قوتوں کیساتھ مل کر سازش کی، عمران خان نے اپنی ساکھ بچانے کیلئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگایا، عمران خان نے ملکی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دی، وزیراعظم کو ملکی مفاد کو اولین ترجیح دینا ہوتی ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو ایک ٹیلی گرام آیا جسے سازش کہا گیا، نیشنل سکیورٹی کونسل کے اعلامیے میں کسی سازش کا ذکر نہیں، امریکا نے کہا کسی ایک سیاسی جماعت کیساتھ تعلق نہیں رکھتے، پہلے چور ڈاکو کہا جاتا رہا اب کہا گیا سازش کی گئی ہے، کوئی عالمی سازش نہیں تھی، پاکستان کو بند گلی میں دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 

Advertisement