اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی نا اہلی سے متعلق ریفرنس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے گا۔ اس فیصلے سے حمزہ شہباز کی وزارت اعلی براہ راست متاثر ہو گی۔
حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب کے منصب پر رہیں گے یا نہیں؟ سب کو بڑے فیصلے کا انتظار ہے، نظریں الیکشن کمیشن پر لگ گئیں۔ پی ٹی آئی کے پچیس منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف نااہلی ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سہ پہر تین بجے سنایا جائے گا، منحرف ارکان نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کیلئے ووٹ دیا تھا۔
تحریک انصاف کے جن 25 اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیا گیا ان میں ، محمد اجمل، عبدالعلیم خان، نذیر احمد چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، ملک غلام رسول، سعید اکبر اور دیگر شامل ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے ریفرنس کی سماعت کے دوران موقف اختیار کیا گیا کہ منحرف اراکین نے پارٹی فیصلے کے برعکس مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کو ووٹ دیا لہذا منحرف اراکین آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ، انہیں سزا کے طور پر ڈی سیٹ کر دیا جائے۔دوسری جانب منحرف اراکین کا اپنے دفاع میں کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت نے کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں۔
واضح رہے کہ حمزہ شہباز وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے کے باوجود تاحال اپنی کابینہ تشکیل نہیں دے سکے، ان کے بطور وزیراعلی انتخاب کے خلاف سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔