لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر اور وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اعتراف کر رہے ہیں کہ حکومت اور عمران خان کو عدم اعتماد کا چار ماہ پہلے علم تھا۔
سینیٹر شیری رحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کون سی عالمی سازش تھی جس کا عمران خان اور حکومت کو چار ماہ پہلے ہی علم تھا، اگر یہ عالمی سازش تھی تو عمران خان نے اسے روکنے کے لئے کیا اقدامات اٹھائے؟ عالمی سازش تھی تو پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کو کیوں آگاہ نہیں کیا گیا؟
شیری رحمان نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ کا بیان "عالمی سازش" کے بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ہے، عمران خان نے عدم اعتماد کے آئینی معاملے کو سازش کے بیانیے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی، حکومت سے نکلنے کے بعد عمران خان ملک میں انتشار اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔