لاہور: (دنیا نیوز) ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاکستان ایئر فورس ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا۔ کمانڈنٹ وار کالج ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان نے چیف آف دی ایئر اسٹاف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایئر چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
لاہور آمد پر 51 ویں نیول اسٹاف کورس کے شرکا سے خطاب میں ایئر چیف ظہیر احمد بابر کا کہنا تھا کہ ملکی بحری سرحدوں اور مفادات کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کا کردار قابل تحسین ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ جنگی ٹیکنالوجی میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیشِ نظر دفاعی پیداوار میں خود انحصاری ناگزیر ہے۔