کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث دیواریں گرنے اور مختلف حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
کراچی میں دن بھر تیز گرمی کے بعد مغرب سے کچھ قبل گہرے بادل چھا گئے، تیز ہوائیں چلنے لگیں جبکہ آندھی کے ساتھ نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، کورنگی، لانڈھی، ملیر آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اطراف کے علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ سکیم 33، گلشن اقبال، ملیر، کورنگی، لانڈھی میں بھی تیز آندھی کے بعد بارش برسی۔
سہراب گوٹھ، مویشی منڈی، ایئرپورٹ، طارق روڈ، نیو کراچی، بفرزون، النور اور فیڈرل بی ایریا کے علاقوں میں بھی پہلے تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلیں، جس کے بعد بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا۔
کراچی میونسپل کارپوریشن اور کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اداروں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردیں۔ کے ایم سی اور کے ڈی اے حکام نے عملے کو ہدایت کی ہے کہ نالوں کی صفائی سمیت بارش کے دوران الرٹ رہا جائے۔
دوسری جانب بارش اور تیز ہواؤں کے باعث دیواریں گرنے اور مختلف حادثات میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
اُدھر بارش کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں کے الیکٹرک کے فیڈرز ٹرپ کرگئے، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق شہر کے 250 فیڈرز ٹرپ کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سرجانی، شادمان، بفرزون، پاپوش، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، لانڈھی، صدر، لائنزايريا، سلطان آباد، کيماڑی، لیاری، اورنگی ٹاؤن، بنارس، پرانا گوليمار، نيا گوليمار اور سائٹ وحيد آباد میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کے الیکٹرک کے مطابق شہر کے 1650 فيڈرز سے بجلی کی فراہمی جاری ہے، نشیبی علاقوں ميں پانی جمع ہونے پر احتياطاً بجلی بند کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 38 ملی میٹر اور سب سے کم مسرور بیس اور اورنگی ٹاؤن میں 2، 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں تقریباً ایک گھنٹے کی بارش کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا، جس کے باعث کئی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، مائی کولاچی روڈ صدر، شاہین کمپلیکس، تین تلوار، برنس روڈ کا دورہ اور نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔