کراچی : (دنیا نیوز) کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، ماڑی پور روڈ میدان جنگ بن گیا، پولیس اور مظاہرین میں وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں، لاٹھی چارج اور شیلنگ کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، مشتعل افراد کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل بندش پر شہری سراپا احتجاج ہیں، مختلف علاقوں میں مظاہرین اورپولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، ماڑی پور میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا اورآنسو گیس کی شلینگ کی، متعدد شہریوں کو گرفتاربھی کرلیا گیا۔
بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر لیاری اوراس کے اطراف کے علاقوں کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا، شہریوں کے احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ، حب ریور روڈ، آرسی ڈی ہائے وے، ایم ٹی خان، مائی کلاچی روڈ اور بوٹ بیسن تک ٹریلر، ٹرک ٹینکر سمیت گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
بجلی کے بدترین بحران کے باعث لیاقت آباد، جہانگیر آباد ، ناظم آباد ، پی آئی بی کالونی ، اورنگی ٹاؤن ، کورنگی اللہ والا ٹاؤن، کورنگی الیاس گوٹھ، لانڈھی فیوچر موڑ سمیت دیگر علاقوں کے مشتعل رہائشیوں نے سڑکیں بلاک کیں، پتھراؤ کیا اور کے الیکٹرک ، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، کراچی میں گذشتہ روز بھی 14 مختلف مقامات پر لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کئے گئے تھے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر ایک گھنٹے بعد دو گھنٹے کے لیے بجلی بند کر دی جاتی ہے، متعدد علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے مسلسل بجلی کی فراہمی معطل رہتی ہے جبکہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن، قائم خانی کالونی ، گلشن غازی اور اطراف کے علاقے ، لائنز ایریا اے بی سینیا لائن اور گلشن ظہور ، نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی ، کورنگی الیاس گوٹھ ، گلشن عریشہ ، جوہر کمپلیکس ، رضوان سوسائٹی ، ملیر ، اسکیم 33 گارڈن ، برنس روڈ اور سٹی ریلوے کالونی میں رات 11 بجے سے ایک بجے تک اور صبح 4 بجے سے 7 بجے تک اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے جبکہ غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا کوئی ٹائم ہی نہیں ہے۔