لاہور : (دنیا نیوز) 5 مخصوص نشستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے تحریری حکم میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کی فہرست پر خالی نشستوں پر ممبران پنجاب اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرے اور ایڈیشنل رجسٹرار عدالت کے حکم سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کی درخواست خارج کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے دیا جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے مخصوص نشستوں پر ارکان کی نااہلی کے بعد کوٹہ دوبارہ نکالنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی میں خواتین اور اقلیتی ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ موصول
دوسری طرف الیکشن کمیشن کو لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول ہو گیا، الیکشن کمیشن نے ترجیحی لسٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے مجوزہ ممبران سے ڈیکلریشنز مانگ لئے، ڈیکلریشنز الیکشن ایکٹ کی شق 104 کے تحت مانگے گئے۔
خواتین کی نشستوں پر بتول جنجوعہ، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس کو ڈیکلیریشن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی جبکہ اقلیتی نشستوں پر حبکوک گِل اور سیموئیل یعقوب کو ڈیکلریشن کےلئے آگاہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ 27 جون کو عدالت نے مختصر فیصلے میں الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کے بعد نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے سے متعلق ایک بیان میں کہا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے آرڈر کی کاپی آنے تک خصوصی نشتوں پرنوٹی فکیشن جاری نہیں کرسکتے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کو اعتماد کا ووٹ دینے پرتحریک انصاف کی درخواست پر 25 ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹی فائی کردیا تھا۔ ڈی نوٹی فائی کئے گئے ارکان میں مخصوص نشستوں پر منتخب 5 ارکان بھی شامل تھے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا تھا کہ مخصوص نشستوں پر نئے ارکان کا نوٹی فکیشن ضمنی انتخاب کے بعد جاری کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ق) اورتحریک انصاف کی جانب سےالیکشن کمیشن کے فیصلےکے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں۔
درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ایکٹ کی دفعہ 227 کی شق 6 کے تحت الیکشن کمیشن ضمنی انتخانات سے قبل 5 مخصوصی نشستوں پر نوٹی فکیشن جاری کرنے کا پابند ہے۔ عدالت عالیہ الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پر نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔