آزاد کشمیر: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف حادثات میں 22 افراد جاں بحق

Published On 01 August,2022 03:26 pm

مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد کشمیر میں مسلسل بارشوں، چھتیں گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف حاد ثات میں 11 خواتین سمیت 22 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔

پونچھ کے نواحی علاقے تاھی کھکریالی میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے، مرنے والوں میں 7 خواتین اور بچیاں شامل ہیں، چھت گزشتہ رات بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گری۔

ڈی آئی جی پولیس پونچھ ڈویژن راشد نعیم کے مطابق سوموار کی صبح حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے، پولیس نے لوگوں کے ساتھ ملکر لاشوں کو ملبے سےنکالا۔

بارش کے باعث امدادی سر گرمیوں میں مشکلات کے باوجود مقامی افراد اور پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال پہنچایا، حادثے میں 2 زخمی مرد اور دو خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہو جاں بحق افراد کے ورثا کو نقد امداد اور زخمیوں کو مفت علاج کے احکامات جار ی کیے ہیں۔

ایک اور واقعہ میں کھلی درمن عباس پور میں ماں بیٹی جنگل میں گھاس کٹائی کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر بھاری پتھر لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گئیں، بارشوں کی وجہ سے 95 کے قریب گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب محکمہ سیاحت نے آزاد کشمیر میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں کے باعث علاقے میں آنے والے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
 

Advertisement