آزاد کشمیر میں بھی قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، خریدار پریشان

Published On 07 July,2022 08:34 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں عید قربان کی مناسبت سے خصوصی مویشی منڈیاں قائم کردی گئی ہیں لیکن مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں تو بیوپاری ناکافی سہولیات کا رونا بھی رو رہے ہیں، اونچے ریٹ سن کر خریداروں کے اوسان خطا ہونے لگے۔

مظفرآباد کے نیلم پارک میں میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام قائم کی گئی مویشی منڈی میں گزشتہ سال کی نسبت کاروبار کا رجحان قدرے تنزلی کا شکار ہے جبکہ بیوپاری اور خریدار دونوں ہی مہنگائی کے ساتھ سست اور بیمار جانوروں کے منڈیوں میں لائے جانے پر پریشان ہیں۔

ٹیکسوں اور مہنگائی کے زور کے سبب چھوٹا جانور منڈی تک نہیں پہنچایا جا سکا تاہم مویشی منڈی کے ذمہ داران کے سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں سے بچاو کے لئے اقدامات کے دعوے اپنی جگہ برقرار ہیں۔

رواں سال بیوپاری منڈیوں میں دنبے کے 45 ہزار سے 90 ہزار ، بکرے کے 30 سے 75 ہزار، گائے کے ڈیڑھ لاکھ سے 2 لاکھ جبکہ بیل کے سوا لاکھ سے ساڑھے 4 لاکھ روپے طلب کررہے ہیں۔
 

Advertisement