آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخاب کے انعقاد کیلئے 15 اکتوبر تک مہلت دیدی

Published On 22 July,2022 09:10 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے ریاستی اداروں کو بلدیاتی انتخاب کے انعقاد کے لئے 15 اکتوبر تک کا وقت دے دیا ہے جبکہ حکومت کو تمام وسائل مہیا کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکومت کی جانب سے مانگی گئی مہلت کی درخواست نمٹاتے ہوئے سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 15 اکتوبر سے قبل بلدیاتی انتخابات کروانے کا حکم جاری کر دیا ہے جس کے بعد ریاست میں 3 دہائیوں کے بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اب مظفرآباد، میرپور اور پونچھ ڈویژن میں ایک ہی روز میں بلدیاتی انتخابات عمل میں لائے جانے ہیں تو الیکشن کمیشن کے حکام پہلے سے ہی انتخابی تیاریوں کو حتمی مراحل تک پہنچانے کے دعویدار ہیں۔

گزشتہ 30 سالوں کے دوران بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مختلف سیاسی جماعتوں کا نعرہ تو رہا لیکن اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ وعدہ وفا نہ ہوسکا۔

 

Advertisement