اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی اور عمران خان پر پابندی لگانے کا طے کرے گی، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پارٹی کے دیگر ارکان بھی نا اہل ہوں گے یا نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین پر حقائق چھپانے پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے، سپریم کورٹ کا فل بنچ معاملے کی سماعت کرے۔
رانا ثنا اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کروڑوں روپے کے فنڈز لے کر اپنی سیاست چمکائی، الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے، آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، انہوں نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، عمران خان کا منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانا ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ کی منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جو فیصلہ آیا ہے عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور عملہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ گذشتہ روز جب ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوا تھا تو پوری قوم اپنے فوجی بھائیوں کی سلامتی کیلئے دعاگو تھی۔ ابھی ابھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار پاک فوج کے افسران اور عملہ شہید ہو چکا ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ ﷲ تعالیٰ شہدا کے خاندانوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ قرآن پاک میں ملک کیلئے جان دینے والوں کے حوالہ سے اﷲ تعالیٰ کا واضح حکم ہے کہ ان کو مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے، یہ صدمہ ہم سب کیلئے ناقابل برداشت ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ﷲ تعالیٰ ہمارے شہیدوں اور قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کے صدقے ہمارے لئے آسانیاں پیدا کرے، بلوچستان سمیت ملک میں سیلاب میں گھرے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔
ن لیگ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ عمران خان کیخلاف جرائم کی تصدیق قرار دیدیا
مسلم لیگ ن نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عمران خان کے خلاف جرائم کی تصدیق قرار دے دیا۔ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ 13 غیر قانونی بینک اکاؤنٹس عمران خان خود چلاتا رہا اور انہیں الیکشن کمشن سے چھپاتا رہا۔ عالمی فراڈ یوں سے خیرات کے نام پر پیسے بٹورے اور جعلسازی کی۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چور، جھوٹا فارن فنڈنگ منی لانڈرر آخر آٹھ سال بعد پکڑا گیا۔ عمران خان صادق اور امین نہیں، پارٹی چئیرمن کے عہدے سے فوری استعفی دیں، عمران خان پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازشی منصوبہ تھا اور ہے ،عمران خان جھوٹا اور جعلساز ہے، الیکشن کمشن نے مہر لگا دی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اسرائیل، بھارت، امریکہ، کینیڈا سمیت دیگر ملکوں سے فارن فنڈنگ لی، عمران خان نے غیرقانونی فنڈنگ سے پاکستان میں فتنہ برپا کیا، عمران خان نے جانتے بوجھتے 351 غیرملکی کمپنیوں اور 34 بیرون ممالک سے فارن فنڈنگ لی۔ عمران خان نے جعلی اور جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جان بوجھ کر اپنے چار ملازمین طاہر اقبال ، محمد نعمان افضل ، محمد ارشد محمد رفیق کے نام پر پیسے منگوائے۔ چوروں اور منی لانڈرز نے 9 وکیل بدلے، 50 الیکشن کمیشن سے بھاگے اور 9 دفعہ کیس کو روکنے کی پیٹیشن کیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان عالمی منی لانڈرر ثابت ہو چکا ہے۔ وفاقی حکومت قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گی۔ عمران خان اس چوری کی وجہ سے الیکشن کمیشن پہ پر حملے کر رہا ہے۔
عمران خان نے 8 سال قوم کو بے وقوف بنائے رکھا: شاہد خاقان عباسی
ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ثابت ہو گیا، ملک کا سب سے بڑا چور کون ہے، پی ٹی آئی اور عمران خان اپنے دفاع میں کچھ پیش نہ کر سکے۔ عمران خان نے قوم کو 8 سال بے وقوف بنائے رکھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ دوسروں پر عذاری کا الزام لگانے والے ممنوعہ فنڈنگ کا جواب دیں، 150 کروڑ روپے ان ذرائع سے حاصل ہوئے جن کی اجازت نہیں۔ 8سال یہ معاملہ الیکشن کمیشن میں زیرسماعت رہا، کیس کی تاخیرکیلئےہرحربہ استعمال کیا حتی کہ پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کے دوران الیکشن کمیشن پر دباو بھی ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے34غیرملکی شہری 391غیرملکی کمپنیوں سےفنڈنگ حاصل کی، پاکستان کاقانون غیرملکی شہریوں اورکمپنیوں سےفنڈنگ کی اجازت نہیں دیتا، پی ٹی آئی کہتی ہےیہ فلاح وبہبودکےپیسےتھے، اگریہ فلاح وبہبودکےپیسےتھےتوایک سیاسی جماعت کےاکاؤنٹ میں کیوں آئے۔ پی ٹی آئی کہتی ہےیہ فلاح وبہبودکےپیسےتھے،شاہدخاقان عباسی اگریہ فلاح وبہبودکےپیسےتھےتوایک سیاسی جماعت کےاکاؤنٹ میں کیوں آئے، ڈیڑھ سوکروڑعمران خان نےغیرملکی شہریوں اورٖغیرملکی کمپنیوں سےحاصل کیا، الیکشن کمیشن کافیصلہ عوام کےسامنےہے۔
پیپلزپارٹی کی فنڈنگ کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، شازیہ مری کا چیلنج
وفاقی وزیر شازیہ مری نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، فارن فنڈنگ کا سنگین جرم عمران خان پر ثابت ہو چکا ہے، فیصلہ آ گیا ہے، اب اس پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی،
اسلام آباد میں فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ اکاؤنٹ چھپانا قانون کی خلاف ورزی ہے ، باہر سے پیسہ لا کر پاکستان میں سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا،عارف نقوی کی طرف سے عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ ملی، آج کے فیصلے نے ثابت کر دیا کہ عمران خان جھوٹا اور چور ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کے خلاف آپ کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، فارن فنڈنگ کیس کسی اور نے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے ہی ایک بانی رکن نے کیا اور یہ سنگین جرم عمران خان پر ثابت ہو چکا ہے۔
یہودی لابی نے عمران خان کا پروفائل بنانے کیلئے خیراتی ہسپتال بنا کر دیا: خواجہ آصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ امریکا کی سازش کا الزام لگانے والا خود اسرائیل، برطانیہ، کینیڈا سے پیسے پکڑتا ہے، یہودی لابی نے عمران خان کا پروفائل بنانے کیلئے خیراتی ہسپتال بنا کر دیا، فارن فنڈڈ ایجنٹ نے 4 سال میں ملکی معیشت اور اداروں کو تباہ کیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ان کا کہنا تھا کہ آج صبح الیکشن کمیشن نے 8 سال کے بعد ایک فیصلہ سنایا ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اتنے زیادہ اختلافی مسئلے کے اوپر اتنا لمبا عرصہ کے فیصلے کی مثال نہیں ملتی، میاں نواز شریف کے اوپر ایک مقدمہ بنا جس میں بیٹے سے 10 ہزار تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیا گیا، سیاسیت سے نا اہلی ہی نہیں بلکہ ان کو اپنی پارٹی کی سربراہی سے بھی محروم کر دیا گیا، اس ہاؤس کے ممبران کو 5 سے 10 ہزار روپے پر تاحیات نا اہل کیا جا چکا ہے، آج ایک شخص کے خلاف فیصلہ آیا ہے جس کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین قررار دیا، آج الیکش کمیشن کے فیصلے کے بعد وہ شخص فارن فنڈڈ ایجنٹ ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ وہ شخص ہمارے ملک کے موجودہ حالات کا ذمہ دار ہے، عمران خان کا پروفائل بنانے کے لئے یہودی لابی نے اس کو لانچ کرنے کا پلان بنایا، یہودی سمجھتے تھے کہ ایٹمی پروگرام والا ملک ایسے کنٹرول نہیں ہوگا، کرکٹ کے بعد باقاعدہ اس کی لانچنگ کی گئی، اس سے بڑا خیراتی ہسپتال بنوایا گیا، الزام ہم پر امریکا کا لگاتا ہے، مال یہ اسرائیل امریکا سے پکڑتا ہے، اس نے اپنی جیبیں خالی رکھی نہیں، اس نے دوسروں کی جیبیں خالی کی ہیں، جس نے اپنے بچوں کو خرچ دینے کی بجائے برطانیہ پر چھوڑدیا ہے، آج الیکشن کمیشن نے ہمیں اس کا اصلی چہرہ دکھا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان سچا ہے تو فنانشنل ٹائمز کے خلاف کیس کرے، میں نے ایک کیس اس پر کیا ہوا ہے دس سال ہوگئے، ہمارا ملک ساڑھے تین سال اس نوسر باز کے ہاتھ چڑھا ہوا تھا، استعفے قبول کرنے کے لئے دیئے جاتے ہیں فریم میں لگانے کے لئے نہیں ہوتے، یہ آج بھی سرکاری گاڑیاں اور پارلیمنٹ لاجز استعمال کر رہے ہیں، میں نے ماضی میں کہا تھا کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے وہ درست ثابت ہوا، انہوں نے ثابت کیا کہ یہ بے شرم ہیں، یہاں مقصود چپڑاسی کے نعرے لگاتے تھے خود مقصود چپڑاسیوں کی فوج نکلے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں شروع ہوا جس میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ لسبیلہ حادثے کے باعث قوم سوگوار ہے جس میں چھ افسران و جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، یہ قوم کے بہادر بیٹے وطن پر قربان ہو گئے۔
اجلاس میں مولانا عبد الکبر چترالی نے لسبیلہ شہداء کیلئے قومی اسمبلی میں دعا کروائی۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت بڑا نقصان ہوا ہے، بہت ہی بہادر اور تجربہ کار فوجی افسران نے جامِ شہادت نوش کیا، پچھلے کچھ روز سے ملک میں سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے، یہ فوجی بہادر افسران ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر حالات کا جائزہ لے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ستارے کور کمانڈر کوئٹہ فرائض سرانجام دے رہے تھے، ساری قوم اس سانحہ پر سوگوار ہے، جنرل سرفراز کا جس گاؤں سے تعلق تھا وہ میرے گھر سیالکوٹ سے 15 منٹ کی مسافت پر ہے۔
پروفیسر اسرار احمد نے نام لے کر کہا تھا کہ عمران خان کو یہودی لابی لے کر آئے گی: ایاز صادق
قبل ازیں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کو ہندوستان اور یہودی لابی لے کر آئی، میاں نواز شریف کو اپنے برخوردار سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل قرار دیا گیا، یہاں عمران خان غلے سے پیسے نکالتے پکڑے گئے ہیں، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی سربراہ کی پوزیشن سے ہٹا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر اسرار احمد نے تیس سال پہلے کہا تھا اور نام لے کر کہا تھا کہ عمران خان کو یہودی لابی لے کر آئے گی اور وہ پاکستان کو تباہ کرنے آئے گا، یہ تو وہ پیسے ہیں جن کا پتہ چلا ہے ابھی تو ہنڈی کے پیسے کا تو پتہ ہی نہیں، میں شروع سے جانتا ہوں عمران خان کو لوگوں کے پیسے خرچ کرنے کی عادت ہے، فنڈنگ کیس میں آج ثابت ہو گیا ہے کہ ہندوستان اور یہودی لابی اسے لے کر آئی، ابھی تو توشہ خانہ کا ریفرنس بھی پڑا ہے، پی ٹی آئی کو فنڈنگ کرنیوالی لسٹوں میں ہندئوں اور فارن کمپنیز شامل ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ عارف نقوی کا برطانیہ میں کیس چل رہا ہے، امریکا انہیں وہاں سے اپنے ہاں منتقل کرنا چاہتا ہے، عارف نقوی کے ساتھ ان کے ساتھیوں کو بھی منتقل کیا جائے گا، عمران خان کا کیلیفورنیا کورٹ والے کیس میں ڈی این اے بھی کرایا جائے گا، اب کابینہ دیکھے گی اس میں منی لانڈرنگ، فیٹف قوانین میں آتے ہیں یا نہیں، یہ چوری کرتے پکڑے گئے اب دیکھنا ہے ان پر آرٹیکل 62 اور 63 لگتا ہے یا نہیں، امید ہے عمران خان فنانشل ٹائمز کیخلاف کیس کریں گے اگر نہیں کریں گے تو لگے گا کہ وہ ٹھیک تھے، جو کمپنیاں انہیں پیسے دیتی رہیں ان سے بھی پوچھا جائے گا، انہیں کیلیفورنیا کورٹ میں بھی جواب دینا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم تھا امریکا انہیں لے جائے گا اس لیے انہوں نے امریکا کیخلاف بولنا شروع کر دیا، نیب عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے حوالے سے بند کرنے کیلئے تجویز کردہ کیسز کو کھولے گا اور پاکستان کی عوام، پاکستان کی حکومت اور ادارے ان پر پورا ہاتھ ڈالیں گے۔