لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایک جیب میں اسرائیلی اور دوسری میں بھارتی پیسہ تھا، غیرملکی فنڈنگ سے سی پیک کو روکا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی پر جرم ثابت ہوچکا، سزا کا تعین ہونا باقی ہے۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں مریم نواز کے پولیٹیکل سیکرٹری ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان پر جرم ثابت ہو چکا ہے، اب سزا باقی ہے، جرم کے تحت ان کی تاحیات نااہلی، عمر قید اور فنڈز کی ضبطگی کی سزاعمل میں لائی جا سکتی ہے، خان صاحب کی جیب سے بھارتی اسرائیلی فنڈنگ کے ثبوت برآمد ہو چکے ہیں، محمد نواز شریف تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل ہوئے، اسی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے لاڈلے کوبھی سزا دی جائے، آج خوشی کا نہیں بلکہ نظام انصاف کیلئے ماتم کا دن ہے کہ 8 سال تک انصاف کا نظام کہاں سویا رہا، فارن فنڈنگ کیس فیصلے کی روشنی میں 2013 اور 2018 کے الیکشن پر سوال اٹھ چکے ہیں، ممنوعہ فنڈنگ سے پاکستان میں انتشار، دھرنوں اور سی پیک کو روکنے کی سازش کی گئی، عوامی مقبولیت ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ کوئی قانون کو پاؤں تلے روند کر من مانی کرے ، وقت آ گیا سب کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جائے۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ایک شخص جلسے اور عیاشیاں کرتا رہا، کئی ملین ڈالرز سے پاکستان میں کھیل کھیلتا رہا، اب تو گزشتہ دو عام انتخابات پر بھی سوال اٹھ چکا ہے، اسی فنڈنگ سے سی پیک کو روکا گیا، دوسروں کیلئے روز سماعت و تاریخ ہوتی ہے لیکن خان صاحب کے فیصلے پر آٹھ سال لگ گئے، پی ٹی آئی کے لوگ کہتے ہیں ممنوعہ فنڈنگ ہے، یہ کہنا چاہتے ہیں یہ اندھا نہیں نابینا ہے، آپ جھوٹے اور مکار ثابت ہوئے ہیں، یہ بار بار کہہ رہے ہیں الیکشن کمیشن سب ویب سائٹ پر ڈالے تو آپ نے دیا ہی کچھ نہیں تو ویب سائٹ پر کیا ڈالا جائے، خان صاحب تلاشی نہیں دیتے رہے کیونکہ ایک جیب میں اسرائیلی دوسری میں بھارتی پیسہ تھا، عمران خان کی جیب کی تلاشی میں آٹھ سال لگے ہیں، خان صاحب کے اکاؤنٹ میں ملین ڈالر آتے رہے لیکن انہیں پتہ ہی نہیں تھا، ہزار دو ہزار روپے نہیں 13 اکاؤنٹس چھپائے گئے، محمد نواز شریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اور نا اہل ہوگئے ، عمران خان کی تلاشی سے 13 اکاؤنٹس نکلے ہیں، فارن فنڈنگ کے پیسے سے دھرنا اور علیمہ کے فلیٹ سے گھر تک چلتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ایک سماعت میں یہ کیس اڑ جائے گا، خان صاحب ! فارن فنڈنگ کسی مسجد کے اکاؤنٹ کا کیس نہیں، آپ کے اکاؤنٹس میں ایک ہزار نہیں کئی ملین ڈالرز آئے ہیں، آپ کا جرم ثابت ہو چکا ہے صرف سزا کا تعین باقی ہے، عمران خان کی تاحیات نااہلی ، عمر قید یا اس سے زائد سزا ہونی ہے، ہمیں دن سے رات کیلئے کوئی حکم امتناع نہیں دیتا، محمد نواز شریف کی اہلیہ فوت ہونے کے قریب تھیں لیکن چار روز انتظار نہیں کیا گیا اور فیصلہ سنا دیا گیا، آپ کے ساتھ لاڈلوں والا سلوک ہوگا، آپ کی زبان اب نہیں چلے گی، جو کام کیا اب بھگتیں گے، کوئی مقبول ہو جائے تو کیا اسے ہر کھلواڑ معاف ہے، آپ سول نافرمانی کی بات کریں تو معافی، ہنڈی حوالہ سے پیسے بھیجنے کی ترغیب دیں، سی پیک روکیں تو معافی، ہم امریکی عدالت کے فیصلے کو باسٹھ تریسٹھ کیلئے سامنے لے کر آئیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان صادق و امین نہیں اس نے خود پر خول چڑھایا ہوا ہے، اس نے جو جرم کر لیا اس کی سزا کا تعین ہونا چاہیے، اب آٹھ سال نہیں لگنے چاہئیں، امپورٹڈ مداخلت خان صاحب کی جیب میں فنڈز ڈال کر ریاست کے خلاف مداخلت کی گئی، پی ٹی آئی والوں کو بات سمجھ آ گئی ہے، نااہلی میں چند ہفتے نہیں لگنے چاہئیں، وفاقی حکومت کو جو ہدایات آئیں گی اس پر عمل کریں گے، ثاقب نثار صاحب کا بھی کردار ہے جو ان کا کیس واپس الیکشن کمیشن کو بھیج دیا تھا کیونکہ کرپشن ثابت ہو چکی تھی، ہمارے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک ہوتا رہا، محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بن کر سب سے زیادہ عدالتوں میں جاتے رہے، عمران خان کا بہت سا پیسہ ہنڈی سے آیا جس سے علیمہ باجی نے فلیٹ بھی لیے، عمران خان نے پاکستانیوں کو ورغلاکر اور پاکستان کے دشمنوں سے بھی پیسہ لیا، عمران خان کا مستقبل اندھیر ہے، جیل پکی ہے تاحیات نااہلی بھی ہوگی، عمران خان لکھ کر دیدیں کہ جیل میں کون کون سی دوائی دینی ہے وہ بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ریلیف سرگرمیوں میں مصرو ف ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے ان شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کیلئے قربانی دی اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔