اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 ارکان کی قومی اسمبلی سے طویل غیر حاضری پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی شاہدہ رحمانی نے رکنیت ختم کرنے کیلئے قرارداد پیش کردی، سپیکر نے معاملے کو مؤخر کردیا۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے پی ٹی آئی کے 4 غیر حاضر ارکان کا معاملہ ایوان میں قرارداد کی صورت میں اٹھا دیا، قرار داد میں کہا گیا کہ بغیر اطلاع 40 روز سے زائد غیر حاضر رہنے پر ان اراکین کی رکنیت ختم کی جائے۔
اس موقع پر سپیکر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ صالح محمد خان، غلام محمد لالی ، میاں محمد سومرو اور غلام بی بی بھروانہ 40 دن سے غیر حاضر ہیں، ان ارکان نے ایوان سے استعفیٰ دیا اور نہ ہی چھٹی کی درخواست دی ہے، اس قرارداد پر قانون اور آئین کے مطابق کارروائی ہوگی، فی الحال اس معاملے کو مؤخرکیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 11 ارکان کے استعفے قبول کرلیے تھے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔