راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج نے سوات میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی موجودگی کی خبروں کو غلط فہمی قرار دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چند روز میں کالعدم ٹی ٹی پی کے مسلح افراد کی سوات میں مبینہ موجودگی کی غلط فہمی پھیلائی گئی۔ سوشل میڈیا کے ذریعے وادی سوات میں کالعدم ٹی ٹی پی کی مبینہ موجودگی کی غلط فہمی پھیلائی گئی۔
بیان کے مطابق سوات میں کالعدم تنظیم کے مسلح ارکان کی مبینہ موجودگی کی خبریں گمراہ کن ہیں۔ سوات اور دیر کے درمیان پہاڑوں پر چند مسلح افراد کی موجودگی پائی گئی۔ بظاہر یہ افراد اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد ہونے کےلیے افغانستان سے چوری چھپے آئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہاڑوں میں ان کی محدود موجودگی اور نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔ عسکریت پسندوں کی کسی بھی جگہ موجودگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر ضرورت پڑی تو ان سے بھر پور طاقت سے نمٹا جائے گا۔