توہین کیس، الیکشن کمیشن کی عمران کے وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

Published On 30 August,2022 12:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے توہین کے کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کاوقت دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل علی بخاری پیش ہوئے اور استدعا کی کہ جواب جمع کرانے کےلئے وقت دیں۔

وکیل علی بخاری نے کہا ہے کہ الزامات کی کاپی ابھی فراہم نہیں کی گئی، مجھے فون پر اس کیس کے بارے میں بتایا گیا، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا 19 اگست کو نوٹس گیا، آج 30 اگست ہے، توہین عدالت کیس میں کیا جواب جمع کرانا ہے؟، آپ کو شوکاز نوٹس کر کے تاریخ دے دیتے ہیں۔

وکیل نے کہا آج میں پاور آف اٹارنی جمع کرا دیتا ہوں، ممبر شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ آپ کو وضاحت کا پورا موقع دیں گے۔

علی بخاری نے کہا کہ آج تک کسی وکیل نے انڈر ٹیکنگ نہیں دی، وکیل اپنے مؤکل کی نمائندگی کرتا ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آج آپ آئے کل کوئی اور وکیل آکر مزید وقت مانگے گا۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل علی بخاری کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔

 

Advertisement