اسلام آباد:(دنیا نیوز) اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمہ پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔
تفصیلات کےمطابق شہباز گل نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ پیر کے روز شہباز گل کی درخواست ضمانت پر کیس کی سماعت کریں گے۔
درخواست میں ایس ایچ او کوہسار،سٹی مجسٹریٹ غلام مرتضی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، 9 اگست کو تھانہ کوہسار پولیس نے گرفتار کیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم عمران خان کا چیف سٹاف افسر ہے،سترہ اگست کو پمز کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے معائنہ کیا، اڈیالہ جیل اور پمز کے میڈیکل بورڈ کے مطابق درخواست گزار پر تشدد کے شواہد ملے، عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔
بعدازاں اسلام کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف سٹاف افسر شہباز گل کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر کردی ہے جس پر پیر کے روز سماعت ہوگی۔