کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 17 زخمی

Published On 16 September,2022 08:47 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر دھماکا ہوا جس کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا اور 17 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق دستی بم دھماکہ کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر پود گلی چوک کے قریب ہوا، پولیس کے مطابق دھماکے کے اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں موقع کی جانب روانہ ہوئیں اور پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

 ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ایک لاش اور 17 زخمیوں کو سول ہسپتال لایا گیا، زخمیوں میں ایک خاتون اور 3 بچے شامل ہے جن میں ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

زخمیوں میں 5 معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا جبکہ 12 زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ دستی بم کا تھا جسکی زد میں ایک رکشہ آیا اور اسے نقصان پہنچا۔

صوبائی مشیر داخلہ میر ضیا لانگو نے دھماکے کی مزمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ دھماکے سے خوف پھیلانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، واقعہ میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Advertisement