راولپنڈی:(دنیا نیوز) متروکہ وقف املاک میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے زیر استعمال راولپنڈی میں لال حویلی سمیت 7 اراضی یونِٹس پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت میں ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے مزید مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے سات میں سے پانچ یونٹس کے شواہد پیش نہ کرنے پر کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے کیس کی سماعت کی سماعت کے دوران شیخ رشید کی طرف سے انکے وکیل زاہد اقبال جنجوعہ پیش ہوئے، شیخ رشید کے وکیل نے زیر قبضہ سات یونِٹس میں سے دو یونِٹس کی دستاویزات پیش کیں۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک نے پیش کی گئی دستاویزات کو نامکمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے یونِٹ نمبر 158 کے وارث کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا تھا جس پر شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ نادرا کا سسٹم پانچ روز سے غیر فعال ہے ایف آر سی حاصل نہیں کرسکے۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے کہا نادرا تو شیخ رشید صاحب کے کنٹرول میں رہا ہے آپ کو مشکل نہیں ہونی چاہیئے تھی، زیر قبضہ سات اراضی یونِٹس میں سے باقی پانچ یونِٹس کی دستاویزات کہاں ہیں۔
وکیل نے کہا کہ دستاویزات جمع کرانے اور وارثین کو تلاش کرنے کیلئے مزید وقت دیا جائے جس پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے کہا کہ ہمارے پاس اتنا وقت نہیں کہ آپ کا ہی کیس سنتے رہیں، آپ مکمل دستاویز اور ورثاء پیش نہیں کرسکے اسکا مطلب آپکے پاس کچھ نہیں ہے جس کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔