اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے سلسلے میں ایف آئی اے انکوائری اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے کو فنڈنگ کیس میں گرفتاریوں اور چھاپوں سے روکا جائے، ایف آئی اے نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپا مارا اور ہراساں کیا، ایف آئی اے انکوائری اور چھاپے غیرقانونی ہیں، لہٰذا ایسی کارروائیوں سے فوری طور پر روکا جائے۔
تحریک انصاف نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ ایف آئی اے سیاسی بنیاد پر ہراساں کررہی ہے، عدالت ایف آئی اے کو فنڈنگ کیس کی تحقیقات سے روکے، رجیم چینج کے بعد پی ٹی آئی نے حکومت مخالف تحریک کے لیے فنڈز اکٹھے کیے۔ بیرون ملک سے ملنے والے تمام فنڈز قانون کے مطابق وصول کیے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔