شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم عدالت میں چیلنج کر دیا

Published On 17 October,2022 09:48 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نےلال حویلی خالی کرنے کا حکم سیشن عدالت میں چیلنج کر دیا۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے لال حویلی خالی کرنے کے حکم کو چیلنج کرنے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج خورشید عالم بھٹی نے ڈائریکٹر وقف متروکہ املاک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل مکمل ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، عدالت نے اس دوران کوئی غیر قانونی اقدام نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق کے توسط سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لال حویلی کئی دہائیوں سے سابق وفاقی وزیر کی ملکیتی ہے، سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی ہے، مقدمے کی تاریخ 24 اکتوبر مقرر ہے اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیا۔

ایڈیشنل سیشن جج خورشیدعالم نے شیخ رشید کی درخواست پر ڈائریکٹرمتروکہ وقف املاک کو نوٹس جاری کیا اور حکام کو کل مکمل ریکارڈ کے ساتھ طلب کرتے ہوئے کوئی بھی غیر قانونی اقدام نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

قبل ازیں سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی ایک تاریخ ہے کوئی نائن زیرو نہیں ،کوئی ختم نہیں کر سکتا، عمران خان کا 8 میں سے 6 نشستیں جیتناعالمی ریکارڈ ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا ہے کہ 16 وزارتوں کی تحقیق اور تفتیش میں تمام اداروں کو میرے خلاف کوئی چیز نہیں ملی اب 3 مرلے کی لال حویلی نکال دی ہے، لال حویلی کوئی نائن زیرونہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ نا اہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں مزید پذیرائی دے رہے ہیں، لال حویلی ایک تاریخ ہے جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا۔
 

Advertisement