اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر پی ٹی آئی سینیٹرز کا دھرنا

Published On 17 October,2022 05:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی کے دفتر میں دھرنا دے دیا۔

قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز نے احتجاج کیا اور چیئر مین سینیٹ چیمبر میں نعرے بازی کی۔

اس دوران پی ٹی آئی سینیٹرز نے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور صادق سنجرانی پر جانبداری کا بھی الزام لگایا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے صادق سنجرانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ حکومت کی طرف داری کر رہے ہیں۔

اس پر چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ میرے والد بیمار تھے، کراچی میں تھا۔

جواب میں فیصل جاوید نے کہا کہ آپ حکومت کے چیئر مین ہیں یا ہمارے چیئر مین ہیں۔

اس پر جواب دیتے ہوئے صادق سنجرانی نے کہا کہ میں ہاؤس کا چیئرمین ہوں۔

ڈاکٹر شہزاد وسیم نے جواب میں کہا کہ آپ نے قائد حزب اختلاف کو فلور نہیں دیا۔
 

Advertisement