لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ غریب آدمی کو ریلیف دیناعمران خان کا ویژن ہے، جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی وزیر راجہ بشارت بھی موجود تھے، وفد میں شرجیل یونس،ملک محبوب الہیٰ،حاجی ملک محمد رفیق،چودھری ذوالفقار اورزین اعجاز شامل تھے، وفد نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی فلاحی خدمات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو ریلیف اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں، پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا فلیگ شپ پروگرام ہے، اس پروگرام کے ذریعے 80 لاکھ مستحق خاندانوں کو 40 فیصد سستی اشیاء صرف فراہم کی جارہی ہیں۔
پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ مستحق خاندان رجسٹرڈ کریانہ سٹور سے 40 فیصد کم نرخ پر دالیں، گھی، آئل اور آٹا خرید سکتے ہیں، رجسٹرڈ کریانہ سٹورز کے مالکان کو 10 فیصد کمیشن بھی دیا جا رہا ہے، احساس راشن رعایت پروگرام غربت کے خاتمے اور فلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ تین اضلاع میں بھی متاثرین کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کرایاگیا ہے، ابتدائی طور پر پنجاب حکومت نے ایک سو ارب روپے اس پروگرام کے لئے رکھے ہیں۔