لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب ہماری حکومت بیرونی سازش، اندرونی میر جعفر، میر صادق نے مل کر گرائی تو سوشل میڈیا نے دکھایا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ زندہ معاشرہ اور مرے ہوئے معاشرے میں کیا فرق ہوتا ہے، انسان تو جیل میں بھی زندہ رہ سکتا ہے، سوشل میڈیا انسانی تاریخ میں انقلاب آرہا ہے، امریکا میں کوئی اسرائیل کے خلاف بات نہیں کرسکتا وہ میڈیا پر بات نہیں آتی، لاکھوں کشمیری شہید ہوچکے ہیں لیکن مغربی میڈیا میں ذکر نہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے اس ٹرینڈ کو بدل دیا ہے، جب ہماری حکومت بیرونی سازش، اندرونی میر جعفر، میر صادق نے مل کر گرائی تو سوشل میڈیا نے دکھایا، ہر شہری جس کے پاس موبائل فون ہے اس کی آواز ہے، یہ جمہوریت کی خالص ترین شکل میں ہم جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ لندن والے پیسے دے کر ٹرینڈ چلواتے ہیں لیکن وہ ٹرینڈ نہیں چل سکتا، حکمرانوں نے 1100 سو ارب روپے معاف کروا لیے، انسانوں کے معاشرے میں حکم ہے ناانصافی کا مقابلہ کرو، ارشد شریف حق کے لیے ڈٹا دہا، وہ اس لیے گیا کہ یہاں بول نہیں سکتا تھا، کل سے جدوجہد حقیقی آزادی کا جہاد ہے سمجھیں کہ جہاد کررہے ہیں۔
لاہور بار خطاب
اس سے قبل لاہور بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ اب حتمی اور فیصلہ کن جنگ ہے، کل میں حقیقی آزادی مارچ کا آغاز کرنے جا رہا ہوں اور لاہور سے میرے مارچ کا آغاز ہوگا، میں اس قوم کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہوں، لاہور بار بھی اس مارچ میں بھرپور شرکت کرے۔ پنجاب حکومت کو کہوں گا کہ وکلاء پروٹیکشن بل منظور کرے، وکلاء کے ہسپتال کے لیے رقم جاری کی جائے۔
سینئر لیڈر شپ سے ملاقات
دریں اثنا عمران خان کی 90 شاہراہ قائد اعظم میں پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، عمر ایوب، میاں اسلم اقبال، عمر سرفراز چیمہ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں لانگ مارچ اور دیگر امور پر پارٹی لیڈر شپ کی مشاورت ہوئی جس میں آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
ارشد شریف کے غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت
عمران خان ارشد شریف شہید کا غائبانہ نماز جنازہ ادا کر رہے ہیں pic.twitter.com/LuBR2CYp6m
— Naya Pakistan (@Naya__Pakistan_) October 27, 2022
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں سینئر صحافی ارشد شریف کا غائبانہ نماز جنازہ پڑھا۔