کل فائنل راؤنڈ شروع ہو رہا، لانگ مارچ میں شرکت کروں گا: شیخ رشید احمد

Published On 27 October,2022 05:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ میں شرکت کروں گا۔ کل فائنل راؤنڈ شروع ہو رہا ہے۔ بہت اچھی بات ہے پاک فوج نے بطورادارہ فیصلہ کرلیا کہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔

نیوز کانفرنس کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان سے ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی، اسلام آباد کسی کے باپ کا نہیں، اگر رانا ثنا نے ربڑ کی گولی استعمال کی تو پھراسلام آباد سے بھاگ نہیں سکو گے، اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف والوں نے وقت نہیں دیا، جگہ جگہ بھکاری بھیک مانگ رہے ہیں، عمران خان کا ایک ہی مطالبہ شفاف الیکشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جومقام ارشد شریف کوملا یہ ذمہ داران کو سمجھنا چاہیے، ہوا بدل چکی ہے، اصل فساد 13 پارٹیاں چاہتی ہے کیونکہ یہ الیکشن میں مقابلہ نہیں کر سکتے، حقائق کو سمجھا جائے، پاکستان ڈیفالٹ کے قریب ہے، نوازشریف، شہباز شریف کی طرح بیماری کا بہانہ نہیں بناتا، دُنیا بدل چکی ہے، ہر آدمی کی جیب میں موبائل فون ہے، میری زندگی میں پہلا واقعہ ہے، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی ایس پی آرنے اکٹھے پریس کانفرنس کی۔

شیخ رشید نے کہا کہ مجھے ٹوئٹر استعمال کرنا آ گیا ہے، اب 7 دن ٹویٹ ہی کرونگا، کل عمران خان کے لانگ مارچ میں شرکت کروں گا۔ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں اداروں کے خلاف نعرے لگائے گئے، بہت اچھی بات ہے بطورادارہ فیصلہ کرلیا کہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے، فوج کو واقعی سیاست میں حصہ نہیں لینا چاہیے، نوازشریف دیوالی کا کیک کاٹ رہے ہیں، ارشد شریف کی شہادت پر کیک کاٹنے، مریم کے ٹویٹ پر دنیا لعنت بھیج رہی ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ فوج ہماری ہے اس کا وقارچاہتے ہیں، فوج کبھی عوام پرگولی نہیں چلائے گی، لوگوں کا سمندر اسلام آباد آ رہا ہے، سمندر کی طغیانی کے آگے رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے، احتجاج، ریلی نکالنا سیاسی جماعتوں کا جمہوری حق ہے، کل فائنل راؤنڈ شروع ہورہا ہے، تیس نومبرتک آرپارہوجائے گا، انشااللہ پرامن مارچ ہوگا کوئی خونی مارچ نہیں ہوگا، ہرشہرمیں کھانے،پینے کا بندوبست ہوگا۔