بلوچستان: سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کیخلاف آپریشن، دو جوان شہید

Published On 31 October,2022 08:54 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں ملک دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے پاک فوج کے مزید دو جوان وطن پر قربان ہو گئے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

 بیان کے مطابق یہ آپریشن بلوچستان کے علاقے کمان کے پاس قریب ہوا، سکیورٹی فورسز کو ہیلی کاپٹر سے دہشتگردوں کے مشتبہ ٹھکانے کے قریب اتارا گیا ۔ سیکیورٹی فورسز کو اتارنے کا مقصد فرار کے راستوں کو کاٹنا، ٹھکانے کو کلیئر کرانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اسی دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں سپاہی شفیع اللہ اور سپاہی محمد قیصر شامل تھے۔

بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے، اور دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ، گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کو پکڑنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

Advertisement